سندھ میں تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں 15 اپریل تک اضافے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کی حقیقت سامنے آ گئی ہے، جسے وزیر تعلیم سندھ نے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے اس وائرل نوٹیفکیشن کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ صوبے بھر کے سکول معمول کے مطابق کھلیں گے اور تعطیلات میں اضافے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک جعلی دستاویز میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ “اسمارٹ لاک ڈاؤن” اور “ایندھن کی قلت” کے باعث تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں 15 اپریل تک توسیع کر دی گئی ہے۔ اس جعلی نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ تعطیلات کے باوجود امتحانات اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔
وزیر تعلیم نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ دستاویز مکمل طور پر من گھڑت اور گمراہ کن ہے۔ انہوں نے والدین اور عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور ایسی معلومات شیئر کرنے سے گریز کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی اور کسی بھی قسم کی چھٹیوں میں اضافے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

